صدر، وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا گورنر سندھ کے انتقال پر اظہار افسوس

 اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سعید الزماں صدیقی تمام عمر اصولوں پر کاربند رہے، ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جب کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ قانون وانصاف کے لیے سعید الزماں صدیقی کی گراں قدرخدمات ہیں، انہوں نے انصاف کے لیے اپنے اصولوں پرکبھی سودا نہیں کیا، وہ ایک سچےاور ایماندار انسان تھے، غیر جمہوری عناصر کے خلاف ان کی مزاحمت اور قربانیاں بے مثال ہیں، سعید الزماں صدیقی کی عدلیہ کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی انتقال کرگئے

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھی گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے جب کہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ سعید الزماں صدیقی کے انتقال سے پاکستان محب وطن شخصیت سے محروم ہو گیا، مرحوم کی ملک و قوم کے لیے خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، گورنر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان،  سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد، سابق صدر آصف زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی گورنر سندھ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

The post صدر، وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا گورنر سندھ کے انتقال پر اظہار افسوس 24 تونسہ ڈاٹ کام.

اپنا تبصرہ بھیجیں